اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے معاملے پر فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا اس حوالے سے باضابطہ قرارداد پی ٹی آئی رہنماؤں شیریں مزاری، اسد عمر اور ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی میں جمع کرا دی۔ تحریک انصاف کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق ان کی جماعت کو سعودی عرب کی سربراہی میں دہشت گردی کے خلاف بنائے گئے فوجی اتحاد میں شمولیت کے حکومتی فیصلے پر گہری تشویش ہے۔ ماضی میں بھی یہ دیکھا گیا کہ یہ پاکستان کے قومی مفاد میں نہیں کہ دوسروں کی لڑائی کا حصہ بنا جائے کیونکہ پاکستان کے عوام اب بھی غیروں کی جنگ کا حصہ بننے کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ اس اتحاد میں شمولیت کے اسباب و اثرات سے بالکل لاعلم اور ناواقف ہے، لہذا اس فیصلے سے متعلق قومی اتفاقِ رائے کے لیے فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے۔