کراچی/ اسلام آباد (صباح نیوز) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عام پاکستانی شہریوں کو بنیادی حقوق قرارداد پاس کرنے یا ’’دن‘‘ منانے سے حاصل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لئے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان حکمرانوں، ریاستی اداروں کے سربراہان اور سرکاری حکام کو خلوص نیت کے ساتھ عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ’’یوم دستور‘‘ منانے پر سینٹ کے چیئرمین میاں محمد رضا ربانی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے چیئرمین سینٹ کو تہینتی ارسال کردہ خط میں کہا ہے کہ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ اراکین سینٹ کی ’’دستور پاکستان‘‘ کے تحت اٹھائے گئے حلف کی پاسداری اور عمل کرنے میں مدد فرمائے۔ 13 فروری، 2017ء کو سینٹ میں متفقہ طور پر پاس کی گئی قرارداد میں سینٹ کے کردار اور طاقت کو 1973ء کے آئین کے مطابق پاکستان کو ایک حقیقی فیڈریشن بنانا ہے اور پاکستان کے عوام کو جمہوریت کے ثمرات کی ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔ ’’دستور پاکستان‘‘ جو تمام شہریوں کو بنیادی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی ضمانت دیتا ہے۔ میں آپ کی توجہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بنیادی حقوق کی پامالی کی طرف دلانا چاہتی ہوں جو گذشتہ 14 سالوں سے دستورپاکستان کے تحت تحفظ اور حقوق کی طلبگار ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ سینٹ عافیہ کے معاملے میں جاری مزید دستوری خلاف ورزیوں کو نہ صرف روکنے بلکہ ختم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی اور عافیہ کی وطن واپسی کیلئے آئینی کردار ادا کرے گی۔
’’ یوم دستور‘‘ منانے پر چیئرمین سینٹ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا تہنیتی خط
Apr 13, 2017