سرگودھا ( نامہ نگار) درگاہ 95 شمالی میں 20 افراد کے قاتلوں کو14 روزہ ریمانڈ پر جوڈیشل کر دیا گیا۔ سخت پہرہ میں متولی اور تینوں نامزد ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج طارق زرغام کے سامنے پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ پیشی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ متولی اور تینوں نامزد ملزمان کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ دریں اثناء درگاہ 95 شمالی پر بنائی جانے والی پانچ رکنی ٹیم نے متولی اور تینوں نامزد ملزموں سے دوران تفتیش آلہ قتل کے ساتھ ساتھ ان کی جائیداد اور اکائونٹس کی تفصیلات بھی لے لی ہیں۔ گزشتہ روز جب انہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا تو پولیس نے ان کے مزید ریمانڈ کی کوئی استدعا نہ کی ‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سانحہ درگاہ 95 شمالی کے بعد ڈی پی او سرگودھا کیپٹن (ر) سہیل چوہدری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جنہوں نے تفتیش مکمل کر لی ہے۔ مرکزی ملزم عبدالوحید گجر اور اس کے دیگر ساتھی ظفر ‘ آصف اور ہسپتال میں زخمی کاشف کو بھی حراست میں لے لیا ہے کیونکہ وہ بھی مقدمہ میں ملزم ہیں۔ ملزموں کو 26 ۔ اپریل کو دوبارہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
سرگودھا: سانحہ درگاہ کے ملزموں کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیدیا گیا
Apr 13, 2017