اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن نے روس کو ایک مرتبہ پھر دنیا کی اہم طاقت کے طور پر روشناس کرایا ہے۔ پیوٹن پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیوٹن کی سوانح حیات کے حوالے سے ڈاکٹر نجم السحر بٹ کی روسی زبان سے ترجمہ کی گئی کتاب ’’مردِ آہن‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان نے جو افغانستان میں روسیوں کیخلاف جہاد کو فروغ دینے کی غلط کی تھی اسکا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوٹن کے دور میں روس پاکستان کے تعلقات کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے یورپی ممالک اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس جو کہ گزشتہ سال بھارت میں ہوئی تھی میں روس نے پاکستان کے خلاف قراراداد نہیں آنے دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ پوٹن پاکستان کا دورہ کریں اور وزیراعظم جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں آستانہ میں شرکت کریںگے اور وہاں ان کی ملاقات روسی صدر سے ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس کے پاکستان میں سفیر ایلیکسی دیدیو نے کہا کہ صدر پیوٹن کے حوالے سے کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت اعزاز ہے۔ انہوں نے مشاہد سید کی بات کی تصدیق کی کہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ صدر پوٹن کی آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ملاقات متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجم السحر بٹ نے روسی زبان سے اردو زبان میں صدر پوٹن کی کتاب کا ترجمہ کرکے احسن اقدام کیا ہے۔ کتاب کے ترجمان نگار ڈاکٹر نجم السحر بٹ نے کہا کہ روس اور روسین کے حوالے سے ہمارے ملک میں ابہام پایا جاتا ہے اور اس کتاب اور دیگر ترجموں سے اس ابہام کو ختم کرنا چاہتا ہوں ۔