نئی دہلی (آئی این پی+ آن لائن) بھارتی بحریہ کے افسروں نے مودی سرکارکوآئینہ دکھا دیا، جاسوس اور دہشتگرد کلبھوشن کے بھارتی بحریہ میں موجود ساتھیوں نے اس کے سرکاری ایجنٹ ہونے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بحریہ کے ایک افسر نے یہ بھی تصدیق کی کہ کلبھوشن نے مبارک پٹیل کے نام سے جعلی پاسپورٹ بنوایا تھا۔ ڈیوٹی سے کئی کئی ماہ غیر حاضر رہتا تھا جس سے پتہ چلا کہ وہ اہم مشن پر ہے۔ بھارتی اخبار ’’ممبئی مِرر‘‘ نے اہم انکشافات کئے ہیں۔ اخبار نے بھارتی بحریہ میں کلبھوشن کے ساتھیوں سے گفتگو کی۔ ساتھیوں کے مطابق کلبھوشن ڈیوٹی سے کئی ماہ غیر حاضر رہتا تھا۔ اس کے دوستوں کو معلوم ہوگیا تھا کہ وہ کسی سرکاری کام میں مصروف ہے۔ ساتھیوں کی جانب سے کلبھوشن کے سرکاری ایجنٹ ہونے کی تصدیق کے بعد اس کا خاندان خوفزدہ ہوگیا ہے۔ کلبھوشن کے والد، بھائی، والدہ اور خاندان کے دیگر افراد ممبئی کا گھر خالی کر کے کہیں اور منتقل ہو گئے ہیں۔ دریں اثناء کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے بعد بھارت نے پاکستانی قیدی خواتین کی رہائی میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی ہیں۔ بھارتی جیل میں فاطمہ، ممتاز اور بچی حنا مزید قید بھگتنے پر مجبور ہو گئیں۔ پاکستانی خاتون فاطمہ اور ممتاز 2006ء میں اپنی ماں رشیدن بی بی کے ہمراہ بھارت گئی تھیں جبکہ حنا کی پیدائش جیل ہی میں ہوئی تھی۔
کلبھوشن اہم مشن پر تھا، بھارتی بحریہ کے حاضر سروس افسر نے پول کھول دیا
Apr 13, 2017