لاہور(صباح نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار تمام پولیس اہلکاروں کو ضمانت پر رہا کر دیا۔بدھ کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر عدالت نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے انسپکٹر عامر سلیم سمیت ایلیٹ فورس کے چاروں اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیدیا تاہم مقدمے کی سماعت جاری رہے گی۔واضح رہے جون 2014 میں ماڈل ٹان میں واقع منہاج القرآن کے مرکز کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کے معاملے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں پولیس کی فائرنگ سے14 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔واقعہ میں غفلت برتنے کے الزام میں انسپکٹر عامر سلیم سمیت 4 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے لئے انہوں نے 3 سال سے درخواست ضمانت درخواست دائر کر رکھی تھی۔
سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں گرفتار انسپکٹر سمیت 4پولیس اہلکار رہا
Apr 13, 2017