مقبوضہ کشمیر خاتون شہید :بھارت تباہی کی طرف جارہا ہے امریکی ثالثی کرائی جائے:فاروق عبداﷲ

Apr 13, 2017

سرینگر( نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام کے 38 پولنگ سٹیشنوں میں بھارت آج پھر ووٹنگ کا ڈرامہ رچائے گا، اس حوالے سے بڈگام سری نگر اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں کٹھ پتلی حکومت اور بھارتی فوج نے سخت حفاظتی انتظامات کر لئے فورسز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا سڑکوں پر گلیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ناکے لگا دیئے گئے۔ ڈی جی پولیس ایس وید کے مطابق ریاست میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس آج بھی بند رہے گی۔ واضح رہے کہ متحدہ حریت قیادت نے آج اس انتخابی ڈرامے کے بائیکاٹ اور مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ دوسری طرف ڈھونگ ضمنی الیکشن کے روز شہریوں کی قیادت پر احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا ہڑتال، تعلیمی ادارے، نجی دفاتر اور مالیاتی ادارے بند، تجارتی اور کاروباری مراکز بند، ریل سروس معطل رہی۔ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ بھارتی فوج کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے ایک خاتون شہید، متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ پلوامہ میں بھارتی فوج نے کشمیری مظاہرین پر زبردست شیلنگ کی جس کے اثر سے قریبی گھر میں کام کرنیوالی خاتون شمیم اختر زوجہ نذیر احمد دم گھٹنے سے دم توڑ گئی مقامی لوگوں کے مطابق بھارتی فوج نے پاور شیل کی برسات کر دی صفہ کرل رینواڑی نوہٹہ رنیگٹھ اور وانابل میں بھی جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں دریں اثناء عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں کرائے جانے والے کسی بھی قسم کے انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے اور نہ ہی انکے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے ضمیر نام کی کوئی چیز اگر موجود ہے تو انہیں اب اپنی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے کشمیریوں کے فیصلے کو قبول کر لینا چاہئے۔ میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی اخبار ’’انڈیا ٹو ڈے‘‘ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہ بھارتی حکومت کی اتوار کے ضمنی الیکشن ڈرامے کا عوام کی طرف سے بائیکاٹ کرنے پر آنکھیں کھل جانی چاہئیں اورا س مسئلہ کو مستقبل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ مودی کی حکومت واجپائی سے کہیں درجے بدترہے اورکشمیر کے معاملے پر بھارت تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وقت آگیاہے کہ کشمیر پرامریکی ثالثی کرائی جائے، پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کاتنازع بھی تو امریکیوں ہی نے طے کرایاتھا۔ بھارتی اخبار ’’دی ہندو‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیریوں کے زخموں پرمرہم رکھنا ہوگا۔ میں بھارت کو تباہی کی جانب بڑھتا دیکھ رہا ہوں۔تین بار مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیر اعلی رہنے والے فاروق عبداللہ نے اس بات کا بھی اعتراف کیا سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں مسئلہ کشمیر کے حل کی امید پیدا ہو گئی تھی۔ انہوں نے کہا کشمیرکے معاملے پربھارت تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بھارت ہمیشہ مسئلہ کشمیر پرہٹ دھرمی دکھاتا ہے۔

مزیدخبریں