اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے حسا س ادار وں کے سر براہا ن اور ایس ایس پی اسلام آباد کو نو مئی کو طلب کرلیا، دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا چار افراد میں سے صادق نامی شہری گھر واپس آگیا ہے جس کو بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا باقی تین افراد کی بازیابی کے حوالے سے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن علی اختر گیلانی نے کی۔ جسٹس محسن علی اختر گیلانی کا وزارت دفاع اور پولیس افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہنا تھا یہ افراد ملک کے اندر ہی ہیں تو پھر کیوں نہیں مل رہے ہیں ان کو اگلی تاریخ دیں۔ تمام لاء اینڈ انفورسٹمنٹ ایجنسیوں کو نوٹس بھیجیں اگر آئندہ سماعت تک لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہوتے تو ڈی جی آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایس ایس پی اسلام آباد کیخلاف ایف آئی آر درج کرینگے اور پھر اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جائینگے۔ بعد ازاں عدالت کو بتایا گیا عمران نامی لاپتہ شہری کا ڈرائیور واپس آگیا ہے لیکن وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے اس لئے کچھ بتانے کی پوزیشن میں نہیں۔ عدالت نے سماعت 9 مئی تک ملتوی کردی۔
9 مئی تک لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے توخفیہ ایجنسیوں کے سر برا ہان پولیس کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے:اسلام آباد ہائیکورٹ
Apr 13, 2017