ردالفساد:بھارتی افغان ایجنسیوں کا نیٹ ورک چلانے والے القاعدہ بر صغیر داعش کے 5 دہشت گرد کراچی سے گرفتار

Apr 13, 2017

کراچی/ کوہلو/ لاہور (کرائم رپورٹر+ نامہ نگار) رینجرز نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ مواچھ گوٹھ میں کامیاب کارروائی کرکے القاعدہ برصغیر اور داعش سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار جبکہ اسلحہ ایمونیشن اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔ رینجرز کے کرنل قیصر نے بتایا کہ پانچوں دہشت گردوں طاہر زمان عرف فیصل عرف موٹا باکسر‘ محمد نواز‘ بلال احمد عرف کاشف عرف جاوید محمد فرحان صدیقی اور درمحمد مشہدی نے افغانستان میں تربیت حاصل کی اور بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی این ڈی ایس سے ملکر براستہ بلوچستان‘ پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلارہے تھے اور پیغام رسائی کیلئے ایس ڈی کارڈ استعمال کرتے تھے۔ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والے لیپ ٹاپ سے ایک اہم تنصیب کی ریکی کے تھری ڈی نقشے اور پاکستان مخالف لٹریچر اورخطوط ملے جبکہ چھ کلو گرام بارودی مواد‘ ایک خودکش جیکٹ‘ چار ہینڈ گرینڈ‘چار بال بم‘ چار کلوگرام بال بیرنگ‘ بیس میٹر ڈیٹونیٹر کارڈ‘ تین ڈیٹونیٹر چار سب مشین گنیں‘ دو پستول ایس ایم جی کے 50 رائونڈ اور پستول کے 15 رائونڈ بھی برآمد کئے گئے۔ ادھر کوہلو میں کارروائی کے دوران دہشت گرد مارا گیا۔ سہالہ اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران خاتون سمیت چار مشکوک افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ سپیشل پولیس یونٹ نے مردان نوشہرہ روڈ پر کارروائی کے دوران دہشت گرد کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کر لیا۔ اورنگی ٹائون میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزم مارے گئے۔ کراچی میں پولیس نے 4 غیرملکی بازیاب کرا لئے۔ پولیس نے پشاور میں قبرستان میں چھپائی گئی اینٹی ائرکرافٹ گن‘ 3 گولے‘ کلاشنکوف اور 2 پستول برآمد کر لئے۔ لاہور پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 37 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور بائیو میٹرک کے ذریعے کوائف کی تصدیق بھی کی گئی۔ اقبال ٹائون پولیس نے اتفاق کالونی کچی آبادی میں سرچ آپریشن کیا اور کوائف پورے نہ ہونے پر 12 مشتبہ افراد گرفتار کر لیا ہے۔ آپریشن کے دوران سکھیکی اورگردو نواح سے مشتبہ افراد کو حِراست میں لیا گیا۔ عدالت نے گلوٹیاںسے گرفتار ہونیوالے دو مبینہ دہشت گردوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ حافظ آباد میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی تعداد برآمد کر لی گئی۔ جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔ دہشت گردوں نے زیر زمین کمین گاہوں میں بارودی سرنگیں، دستی بم، موبائل فونز اور دیگر سامان بھی چھپا رکھا تھا۔ ایف سی نے تربت سے بھی اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلا تی نظام کا ذخیرہ برآمد کر لیا۔

مزیدخبریں