بھارت جانتا ہے کلبھوشن کیخلاف ہمارے پاس کافی ثبوت ہیں:پاکستانی ہائی کمشنر

Apr 13, 2017

نئی دہلی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت جانتا ہے کلبھوشن کیخلاف ہمارے پاس کافی ثبوت موجود ہیں، اس کے خلاف شفاف اور قانون کے مطابق ٹرائل ہوا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ڈوزیئر دے چکے ہیں، سینکڑوں پاکستانیوں کا اسی طرح ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوا ہے، کل بھوشن 2003 سے پاکستان آتا رہا ہے، گرفتار گزشتہ برس ہوا، حساس معاملات میں قونصلر رسائی نہیں دی جاتی، پاکستان اور بھارت میں قونصلر رسائی لازمی ہونے کا کوئی معاہدہ نہیں۔ عبدالباسط نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ کل بھوشن اپنی سزا کے خلاف اپیل کر سکتا ہے، کل بھوشن کیخلاف شفاف اور قانون کے مطابق ٹرائل ہوا۔ کلبھوشن جعلی نام کے ساتھ کیوں آتا جاتا رہا، کلبھوشن دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، پاکستان نے بھارتی حکومت سے بھی شواہد شیئر کئے، حساس معلومات کو پبلک نہیں کیا جاتا۔

مزیدخبریں