لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ملتان کے علاقے پنج فیض میں ائیریونیورسٹی کے سب کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ملک وقوم کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم دے کر بااختیار اور مضبوط بنانا ہوگا۔ ہمارے نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں اور ہمیں ان کی مناسب طریقے سے رہنمائی کر کے ان کو ہنرمند بنانا ہے۔ تعلیم، صحت، دفاع اور معاشی ترقی پر سیاست کرنے کی بجائے متحد ہو کر کاوشیں کرنا ہوںگی اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہیں اور ہمیں اہم شعبوں میں اختلافات کو ختم کرنا ہوگا تاکہ پاکستان آگے بڑھے، ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ رواں برس سوا لاکھ طلباء و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے اور اس شاندار پروگرام کا آغاز اسی ماہ کیا جائے گا۔ آج میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والے بھی اپنے صوبے میں اس طرح کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ ہمیں ایکا کر لینا چاہئے کہ ملک کی ترقی کے منصوبوں میں کوئی اختلاف نہیں کریں گے کیونکہ اس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔ پاکستان کے مفادات کی خاطر سیاسی شعبدہ بازی چھوڑ دینی چاہیے۔ سیاست کرنی ہے تو دیگر شعبوں میں کرلیں۔ کوئی بھی حکومت آئے،کوئی بھی جماعت برسراقتدار ہو یہ قوم یکجا ہو کر قومی مفادات کے شعبوں کو آگے بڑھاتی جائے۔ جس طرح دہشت گردی سے ایک چیلنج کے طور پر نمٹا گیا ہے، اسی طرح اعلیٰ تعلیم کی فراہمی بھی ایک چیلنج کے طور پر لینا ہوگی۔ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے بعد اب ہمیں معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے چیلنج کو مواقع میں بدل کر پاکستان کو عظیم بنانا ہے،ورنہ قائدؒ اور اقبالؒ کا خواب شرمندہ تعمیر نہیں ہوگا۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا تعلیمی وظائف کا فنڈ ہے اور اس فنڈ کا مجموعی حجم 20ارب روپے ہوچکا ہے۔ 2008ء سے اب تک 11ارب روپے کے تعلیمی وظائف دئیے گئے ہیں اور یہ وظائف ان ذہین طلباء و طالبات کے قدموں میں نچھاور کیے گئے ہیں جن کے والدین محنت کے باوجود اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ حکومت پنجاب ائیریونیورسٹی کے قیام میں بھی معاونت کرے گی، اس سے قبل پنجاب حکومت پاک فضائیہ کے خصوصی بچوں کے ادارے کیلئے بھی معاونت فراہم کررہی ہے۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگریاں ایوارڈ کرنے کا نام ہی نہیں بلکہ ہم نے اپنے نوجوانوں میں ملک وقوم کی خدمت کا جذبہ بھی پیدا کرنا ہے۔ انہیں 100فیصد اپنے پائوں پرکھڑا کرنا ہے۔ تعلیم کے سماجی لحاظ سے بھی اچھے اثرات مرتب ہونے چاہئیں۔ ہم نے دہشت گردی کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ اب ہمیں اپنے ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں برطانیہ کی ایل جی سی لیبارٹریز کے تعاون سے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے حوالے سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا گیا اور اجلاس میں برطانیہ کی ایل جی سی لیبارٹریز کے ساتھ اشتراک کار کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا- شہبازشریف نے کہا کہ برطانیہ کی ایل جی سی لیبارٹریز کے تعاون سے فیصل آباد کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کو بھی اپ گریڈ کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ سے سوڈان میں باغیوں کے ہاتھوں اغوا کے بعد بازیاب کرائے جانے والے سندھ کے انجینئر ایاز جمالی نے ملاقات کی۔ وزیراعلی نے سندھ کے علاقے بدین سے تعلق رکھنے والے ایاز جمالی کو رہائی اور بحفاظت وطن واپسی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرا ون ڈے میچ اور سیریز جیتنے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ شہباز شریف نے لاہور میں نویں جماعت کے طالبعلم پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تعلیم صحت دفاع اور معاشی ترقی کیلئے سیاست کی بجائے متحد ہو کر کوشش کرنا ہونگی:شہباز شریف
Apr 13, 2017