مزدوروں کی تنخواہ میں ہزاردوہزار کا اضافہ مسائل کا حل نہیں ‘ حبیب جنید ی

Apr 13, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پیپلز لیبر بیورو، آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ سالانہ بجٹ میں مزدوروں کی تنخواہ میں صرف ایک یا دو ہزار روپے کا روایتی اضافہ اُن کے گھمبیر معاشی مسائل کا حل نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اُن کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے جبکہ غربت کے خاتمہ کے لئے قومی سطح پر ایسی پالیسیاں وضع کی جائیں کہ جس کے نتیجہ میں نئی صنعتیں قائم ہوں اور سالہا سال سے بند پڑے ہوئے ہزاروں کارخانوں میں پیداواری عمل بحال کیا جاسکے۔وہ ملک کے مختلف شہروں لاہور،ملتان،اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، سکھر، حیدرآباد اور بہاولپور سے کراچی کے دورہ پر آئے ہوئے ٹریڈ یونین رہنماؤں ملک ظفر اقبال،ملک اللہ یار اعوان،سیّد منتظر مہدی،خان محمد خان مغل، شفقت غفور خلیل،عبدالرزاق یوسفزئی ،سیّد قطب علی شاہ اور علی اکبر قادری پر مشتمل ایک وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کررہے تھے۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ حکومت نے اپنے طور پر یہ انتہائی غلط تصور قائم کرلیا ہے کہ سالانہ بجٹ میں تنخواہ میں چند سو روپیئوں کا اضافہ ہی غریب مزدوروں کے تمام مسائل کا حل ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ غربت کے مارے ان انسانوں کو تعلیم ،صحت کی مناسب سہولتوں اور رہائش کے لئے ایک چھوٹے سے جھونپڑے نما مکان کی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی کہ ارب پتی اشرافیہ کو لندن،امریکہ میںکروڑوں ڈالر مالیت کے قیمتی فلیٹس ،ہارورڈ یونیورسٹی میں تعلیم اور بیرون ملک مہنگے ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی۔

مزیدخبریں