بیورو چیف: طاہر منیر طاہر
گزشتہ دنوں اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمن بیرسٹر امجد ملک نے آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے ملاقات کی اور بیرون ملک مقیم کشمریوں کے موضوع پر بات چیت کی۔ اس موقع پر اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اوورسیز کشمیریوں کی فلاح و بہبود کو مقدم سمجھتی ہے اور ان کے مسائل کیلئے اولین ترجیحی بھی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2.5 بلین تک کی سرمایہ کاری کرنے والے خصوصی سلوک اور توجہ کے بھی مستحق ہیں۔ لہٰذا جو لوگ یہاں سرمایہ کاری کریں گے انہیں خصوصی پروٹوکول دیا جائے گا۔ اس موقع پر بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم آزادکشمیر کو حکومت پنجاب کی طرز پر OPC اورسیز پاکستانی کمشن آزادکشمیر کا مسودہ پاس کرنے پر خصوصی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں OPC کا قیام عمل میں لانے سے اوورسیز پاکستانیز کو ان کے مسائل کے حل کے سلسلے میں کافی ریلیف ملے گا اور لوگوں کے دیرینہ مسائل سرعت کے ساتھ حل ہونگے۔ OPF کے بارے بیرسٹر امجد ملک نے بتایا کہ OPF نے بیرون ملک آنے جانے والے پاکستانیوں کیلئے ایئرپورٹ ڈیسک‘ شکایات سنٹر اور فارن مشن قائم کئے ہیں تاکہ اوورسیز میں رہنے والے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے بتایا کہ OPF تارکین وطن کی دادرسی کیلئے بامقصد اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم آزادکشمیر نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیز کمشن آزادکشمیر کے قیام سے سات اضلاع کے اوورسیز پاکستانیوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔