برطانیہ کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہونا چاہیے: ملک طاہر

لاہور(کامرس رپورٹر) برطانیہ کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہونا چاہیے کیونکہ یہ ملک برآمدات بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کے لیے انتہائی بہترین جگہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، ، سٹینڈنگ کمیٹی برائے پاک یوکے بزنس پروموشن کی کنوینر نبیلہ انتصار، میاں انجم نثار و دیگر ماہرین نے لاہور چیمبر میں پاک یوکے بزنس آئیڈیاز کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دیگر ماہرین عظمیٰ نواز، وقار اللہ، ساجد سلیم منہاس، اسد الرحمن اور آغا سیدین نے بھی خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط دیرینہ تعلقات ہیں ، پاکستانی تاجروں کو برطانوی تاجروں کے ساتھ تعلقات مستحکم کرکے برطانیہ کے تجربے اور وہاں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ برطانیہ پاکستان کے لیے پانچ بڑی برآمدی منڈیوں میں سے ایک ہے۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کو تجارتی سہولیات مہیا کرے، نبیلہ انتصار نے کہا کہ سیمینار کے انعقاد کا مقصد تاجروں کو برطانیہ اور پاکستان میں موجود پوٹینشل، تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کرنا تھا۔ میاں انجم نثار نے اور وقار اللہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے تجارتی معلومات کے تبادلے پر خاص توجہ دی جائے۔

ای پیپر دی نیشن