لاہور (نیوز رپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ کاٹن مشن 2025 کی تیاری کا مقصد صوبہ میں 20ملین گانٹھ روئی پیدا کرنا ہے۔ کاٹن مشن ایک روڈ میپ ہے جس کے ذریعے کپاس کو اس کے اصل مقام پر لے کر جانا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ، تجاویز اور آراء حاصل کی جائیں گی اور کپاس کی فصل کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے حکومتی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ کپاس کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے سیڈ ٹیکنالوجی و دیگر اہم پہلوئوں پر تحقیق کیلئے سائنسدانوں کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ کپاس کی کاشت 31 مئی تک ہر حالت میں مکمل کی جائے گی اور محکمہ زراعت پنجاب کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کو یقینی بنائے گا، امسال 60 لاکھ ایکڑ کپاس کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت درمیانی اور طویل مدتی پلاننگ کے تحت پوری سپلائی چین کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔کاٹن مشن 2025 کے تحت کاٹن کونسل کی تشکیل کی جاری ہے۔ کاٹن کونسل کی باڈی گورنمنٹ، کاشتکاران، ایپٹما، پی سی جی اے و دیگر پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔