شہبازشریف بڑے بھائی کےلئے اڈیالہ جیل کی صفائی کرارہے ہیں: عمران خان

گوجرانوالہ/وزیر آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف اپنے بڑے بھائی کےلئے اڈیالہ جیل کی صفائی کرارہے ہیں‘ (ن) لیگ نے پنجاب میں 10 سال میں ایک ہسپتال نہیں بنایا ‘ نوازشریف، شہبازشریف اور بیگم نواز لندن سے علاج کراتے ہیں ‘لاہور کے ہسپتالوں میں ایک ایک بستر پر پانچ پانچ مریض پڑے ہوتے ہیں‘شوگر ملوں سے پیسے لینے کےلئے کسانوں کو برسوں انتظار کرنا پڑتا ہے‘چھوٹے میاں اور بڑے میاں مل کر 300 ارب کی چوری کرتے ہیں ‘ رقم بیرون ملک بھجوا کر پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا‘نوازشریف کہتے ہیں اداروں کو حدود میں کام کرنا چاہیے ‘آپ نے ادارے تباہ کردیئے، ‘سپریم کورٹ یہ فیصلہ نہ کرے تو تمہیں قوم کا خون چوسنے سے کون روکے گا‘ماضی میں سپریم کورٹ ہمیشہ طاقتور کے ساتھ رہا‘تاریخ میں پہلی بار ایک طاقتور کےخلاف فیصلہ دیا جس پر سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں۔گوجرانوالہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کی جب بھی حکومت آئی غریبوں بالخصوص کسانوں کا برا حال ہوا، ادارے تباہ کردیئے گئے، پنجاب میں 10 سال میں ایک اسپتال نہیں بنایا گیا، نوازشریف، شہبازشریف اور بیگم نواز لندن سے علاج کراتے ہیں جب کہ لاہور کے اسپتالوں میں ایک ایک بستر پر پانچ پانچ مریض پڑے ہوتے ہیں۔ سندھ میں بھی گنے کے کاشتکار رو رہے ہیں، شوگر ملوں سے پیسے لینے کے لئے کسانوں کو برسوں انتظار کرنا پڑتا ہے، ملکی ترقی کے لئے کسانوں و کاشتکاروں پر سرمایہ کاری کی جاتی ہے لیکن یہاں چھوٹے میاں اور بڑے میاں مل کر 300 ارب کی چوری کرتے ہیں اور بیرون ملک بھجوا کر پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے بھی جیل میں 8 دن گزارے لیکن مجھے ایک بھی بڑا ڈاکو نہیں ملا، سب غریب چور تھے اور دوسری جانب قوم کا پیسہ چوری کرنے والے بڑے و طاقتور ڈاکووں کو پروٹوکول دیا جاتا ہے، ماضی میں سپریم کورٹ ہمیشہ طاقتور کے ساتھ رہا، لیکن تاریخ میں پہلی بار ایک طاقتور کے خلاف فیصلہ دیا جس پر سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اب سنا ہے کہ اڈیالہ جیل کی صفائی کی جارہی ہے کیوں کہ ایک بڑا ڈاکو آرہا ہے، شہبازشریف اڈیالہ جیل کی صفائی اپنے بڑے بھائی کے لئے کرارہے ہیں، اور اگلی باری خواجہ آصف کی ہے، سپریم کورٹ کے یہی فیصلے نیا پاکستان بنارہے ہیں۔ ہم تمام کرپٹ عناصر کے خلاف ہیں، بڑے منی لانڈرر، شریف خاندان اور آصف زرداری بھی اس فہرست میں شامل ہیں اور ان سب کے خلاف ہماری جنگ ہے، چھوٹے میاں صاحب سے پوچھتا ہوں کہ قوم کو کیا پیغام دے رہے ہیں، وہ نوجوانوں کو کہتے ہیں کہ چھوٹی چوری کرو گے توزیادہ مار پڑے گی۔بعد ازاں وزیر آباد میں کارکنوں سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 30 سال سے چھوٹے میاں اور بڑے میاں پیسہ چوری کرکے باہر لے جارہے ہیں اور پھر کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں اداروں کو حدود میں کام کرنا چاہیے لیکن آپ نے ادارے تباہ کردیئے، اگر سپریم کورٹ یہ فیصلہ نہ کرے تو تمہیں قوم کا خون چوسنے سے کون روکے گا، سپریم کورٹ کو سلام پیش کرتے ہیں، اعلیٰ عدلیہ نے وہ کام کیا جو اس کورٹ نے کبھی نہیں کیا، ماضی میں سپریم کورٹ ہمیشہ طاقتور کے ساتھ رہی، پہلی مرتبہ سپریم کورٹ نے طاقتور کے خلاف فیصلہ دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کی صفائی کیوں ہورہی ہے کیونکہ بڑا ڈاکو آرہا ہے، چھوٹے میاں بڑے میاں کی جیل میں تیاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نیا دور شروع ہونے والا ہے، سب مطمئن ہوجائیں۔

ای پیپر دی نیشن