گولڈ کوسٹ/ آسٹریلیا(سپورٹس رپورٹر) آسڑیلیا میں متعین پاکستان کی ہائی کمشنر نائلہ چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان دیرینہ اوردوستانہ تعلقات ہیں اور یہاں پاکستانیوں کو نہایت عزّت اور قدر کی نگا ہ سے دیکھا جاتا ہے کھیلوں کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین فورم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گولڈ کوسٹ میں جاری 21ویں کامن ویلتھ گیمز کے ایتھلیٹ ولیج کے دورے کے موقع پر گیمز میں شریک پاکستانی دستے کے آفیشلز اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پرکیا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسن، پی او اے کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود، چیف ڈی مشن لیفٹننٹ جنرل (ر) مزّمل حسین و دیگر آفیشلز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نائلہ چوہان جوکہ خصوصی طورپر آسڑیلوی دارلحکومت کینبرا سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ملنے آئیں تھی کا کہنا تھا کہ آسڑیلیا میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں جن میں زیادہ تعداد تعلیم یافتہ افراد کی ہے جس میں ڈاکٹرز، پروفیسرز، انجینےئرز وغیرہ شامل ہیں اور یہاں بہت سی ہماری کمیونٹی ایسوسی ایشنز بھی کام کررہی ہیں میلبورن میں نیا قونصل آفس قائم کردیا گیا ہے جس سے ہمارے لوگوں کومزید سہولیات حاصل ہوں گی۔ نائلہ چوہان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے آسڑیلوی وزیرخارجہ سے بات کی ہے کہ دونوں ممالک کے مابین سپورٹس ڈپلومیسی پر بھی کام ہونا چاہئیے اس کے علاوہ پاکستان کا شمار کھیلوں کے بہترین سامان تیار کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے میری خواہش ہے کہ سیالکوٹ چیمبرز آف کامرس کے ممبران یہاں کادورہ کریں آسڑیلیا کھیلوں کے سامان کے حوالے سے ان کیلئے بہترین مارکیٹ ثابت ہوگی اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے پی او اے کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسن نے پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں اس موقع پر ولیج میں موجود کھلاڑیوں سے ہائی کمشنر نے ملاقات کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کااظہار کیا۔
آسڑیلیا: کھیلوں کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے، کامن ویلتھ گیمز بہترین فورم ہے: پاکستانی ہائی کمشنر
Apr 13, 2018 | 20:38