لاہور (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) مسلم لیگ ن نے حکومتی اقدامات کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے ترجمان ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پہلے حکومتی وزراء نے 85 ارب روپے کا الزام لگایا پھر رقم 13 ارب ہوئی اور بعد میں 18 کروڑ تک آگئی۔ تحریک انصاف کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت شہبازشریف کی کرپشن ڈھونڈنے کے سراب کے پیچھے بھاگنے کی بجائے گورننس پر دھیان دے۔ ہم احتساب کے عمل سے بھاگے نہیں۔ ہر سوال کا جواب ہر وقت دینے کیلئے تیار ہیں۔ محمد احمد خان نے کہا کہ سلمان شہباز اپنی صفائی میں ثبوت نہ لاسکے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ عمران خان کے بیان کیخلاف عدالت بھی جائیں گے۔ عمران خان صوبائی خودمختاری میں مداخلت کررہے ہیں، نیا بلدیاتی نظام ناقابل فہم ہے ،نیب کا حکومت کی ایماء پر کام کرنا سب کے سامنے آگیا ہے،وزیر اعظم کھلونوں کو چابی دینے کی بجائے گورننس پر توجہ دیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں ،پنجاب کابینہ کو (ن) لیگی دور کرپشن نہیں ملے گی بلکہ ترقیاتی کاموں کے انبار لگے ملیں گے ،حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات سراسر بہتان طرازی ہے، حمزہ شہباز تمام سرمایہ بینکوں کے ذریعہ قانونی طریقہ سے ملک کے اندر لائے،عثمان بزدار کی رہائی اور آزادی کے لیے کام ہونا چاہیے۔