انضمام الحق کو ایم سی سی کی تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) انضمام الحق اور مارک بوچر کو ایم سی سی کی طرف سے تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی۔کلب نے دونوں کھلاڑیوں کو یہ ممبر شپ ان کی کرکٹ کے میدان میں گرانقدر خدمات کو دیکھتے ہوئے دی ہے۔ سابق قومی کپتان انضمام الحق 120 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 سنچریوں کی مدد سے 50.16 کی اوسط کے ساتھ 8830 رنز بنائے۔ انہوں نے 22 نومبر1991 میں لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں ڈبیو کیا اور سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں میں اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو1992 میں کرکٹ کا پہلی بار عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انضمام الحق نے کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 378 ایک روزہ میچوں میں شرکت کی اور 11739 رنز بنائے، 2007 کے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا تاہم پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننے سے پہلے انہوں نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کیساتھ بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں نبھائیں۔

ای پیپر دی نیشن