ملکی سطح پر کپاس کے 15ملین گانٹھوں کے حصول کیلئے ہرممکن کوشش کی جائیگی، ملک نعمان احمد

راولپنڈی (جنرل رپورٹر)صوبہ پنجاب میں امسال 55لاکھ ایکڑ سے زائدرقبہ پر کپاس کاشت کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، ملکی سطح پر کپاس کے 15ملین گانٹھوں کے حصول کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب علی ارشد، پروفیسر ڈاکٹر آصف علی وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی، ڈاکٹر محمد انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)، سید ظفر یاب حیدر ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ)، ڈاکٹر زاہد محمود ڈائریکٹر سی سی آر آئی، ڈاکٹر صغیر احمد ڈائریکٹر کاٹن، فیض احمد کندی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، رائے مدثر عباس ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب، نوید عصمت کاہلوں، میپکو، محکمہ انہار، پی سی پی اے، کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندگان سمیت ترقی پسند کاشتکاروں نے شرکت کی۔ وزیر زراعت پنجاب کہا کہ کاشتکاروں کو معیاری زرعی ادویات و کھادوں کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ملاوٹ کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، کپاس کے نامنظور اور غیر قانونی بیج کی فروخت کی روک تھام یقینی بنائی جارہی ہے، اس موقع پر واصف خورشیدسیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ ملکی معیشت کا زیادہ تر دارومدار کپاس پر ہے،51 فیصد زرمبادلہ کپاس اور اس کی مصنوعات کی برآمد سے حاصل کیا جاتا ہے، امسال ایک لاکھ ایکڑ کیلئے کپاس کی ترقی دادہ اقسام کا بیج سبسڈی پر فراہم کیا جارہا ہے،کپاس کی منظور شدہ اقسام کے بیج پر ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی ، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازیخان، لیہ، مظفر گڑھ اور راجن پور کے کاشتکاروں کو 1000 روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن