اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) بری فوج کے 4 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترقی پانے والوں میں میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا، میجر جنرل نعمان محمود، میجر جنرل اظہر عباس اور میجر جنرل فیض حمید شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ترقی پانے والے میجر جنرل فیض حمید کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے اور وہ آئی ایس آئی کے شعبہ کاؤنٹر انٹیلیجنس کے سربراہ رہ چکے ہیں اور چند روز پہلے ہی انہیں تبدیل کرکے جی ایچ کیو بھجوایا گیا ہے۔ آئی ایس آئی میں ان کے جانشین آچکے ہیں۔ میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا کا تعلق سندھ رجمنٹ سے ہے اور وہ اس وقت وائس چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر تعینات ہیں۔ اس سے پہلے وہ ڈی جی ملٹری آپریشنز کے اہم عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ میجر جنرل نعمان محمود اور میجر جنرل اظہر عباس کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ میجر جنرل نعمان محمود اس وقت آئی ایس آئی میں جبکہ میجر جنرل اظہر عباس کمانڈنٹ سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کوئٹہ کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ترقی پانے والے افسر مدت ملازمت پوری کر کے سبکدوش ہونے والوں کی جگہ لیں گے۔ ان کی نئی تعیناتیوں کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
پاک فوج کے 4افسروں کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی
Apr 13, 2019