تاندلیانوالہ: امداد ہڑپ کرنے، کٹوتی پر 2 ریٹیلر گرفتار، گھوٹکی: جعلی نوٹ برآمد

تاندلیانوالہ، گھوٹکی (نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) تاندلیانوالہ میں ڈویژنل پبلک سکول کے کفالت احساس سنٹر میں ایک ریٹیلر نے خاتون کی بائیو میٹرک کے بعد رقم خود نکال لی جبکہ دوسرے واقعہ میں ریٹیلر نے کٹوتی کر کے رقم خاتون کو دی، دونوں ریٹیلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ خاتون نے کہا کہ کائونٹر پر موجود افراد نے بائیو میٹرک کرنے کے بعد رقم موجود نہ ہونے کا کہا، انتظامیہ نے دوسرے کائونٹر سے دوبارہ چیک کروایا تو رقم نکالی جا چکی تھی جبکہ دوسرے ریٹیلر نے خاتون کو 12ہزار روپے سے کٹوتی کر کے کم رقم دی۔ خواتین کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر نے کائونٹر پر موجود دونوں افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتا ر ہونے والے ریٹیلرز میں مدثراقبال اور زین العابدین نامی افراد شامل ہیں۔ تھانہ سٹی پولیس نے دونوں افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق احساس کفالت پروگرام کے تحت گھوٹکی میں رقم کی تقسیم کے دوران متعدد جعلی نوٹ برآمد کر لئے گئے۔ انچارج احساس مرکز کے مطابق احساس پروگرام کے 3 مراکز سے ایک ایک ہزار کے 8 جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ جعلی نوٹوں سے متعلق بنک کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مستحقین کو جعلی نوٹ نہیں دیئے، ہوسکتا ہے کچھ جعلی نوٹ غلطی سے چلے گئے ہوں۔

ای پیپر دی نیشن