اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے وزرا لوگوں کو لاک ڈائون کے خلاف اکسا رہے ہیں،عمران خان کورونا سے لڑنے کے بجائے صوبوں کے ساتھ لڑ رہے ہیں،ڈبلیو ایچ او سمیت پوری دنیا کورونا سے نمٹنے کیلئے لاک ڈائون کو ہی واحد حل قرار دے رہی ہے،عمران خان اور ان کے حواری وزرا وبا سے مت کھیلیں کورونا پھیلا تو پھر کسی سے نہیں سنبھالا جائے گا،وزیراعظم عقل کے ناخن لیں، صوبوں کے اقدامات میں رکاوٹ بننا بند کریں۔اتوار کوپاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وفاقی وزرا کے بیانات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے جو وفاقی وزرا لاپتا ہو گئے تھے اب شہریوں کو ںڑھاکانا شروع ہو گئے ہیں،ڈبلیو ایچ او سمیت پوری دنیا کورونا سے نمٹنے کیلئے لاک ڈائون کو ہی واحد حل قرار دے رہی ہے،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں صوبے کو محفوظ بنانے کے اقدام کئے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہدنیا نے حکومت سندھ کے اقدامات کا سراہا تمام صوبائی حکومتوں اور وفاقی اداروں نے تقلید کی،پہلے وزیراعظم عمران خان لوگوں کو اکساتے رہے اب ان کے چند چہیتے وزیر کراچی آکر لوگوں کو اشتعال دلا رہے ہیں،سمجھ نہیں آ رہا وزیراعظم عمران خان کس خوف کی وجہ سے ملک میں افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں،وزیراعظم خود فرماتے ہیں کہ کورونا کے پھیلائو سے لاکھوں لوگ متاثر ہوں گے،پھر کیوں کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئے گئے لاک ڈائون کی مخالفت کی جا رہی ہے ؟یہ وقت صوبوں کے ساتھ لڑنے کا نہیں کورونا سے لڑنے کا ہے،پہلے وفاقی حکومت نے غریبوں میں پیسے تقسیم کرنے کے نام پر لاک ڈائون کی پابندیوں کی خلاف ورزی کی،اب کھل کر لاک ڈائون ختم کرنے کیلئے لوگوں کو اکسایا جا رہا ہے۔
عمران ‘وزرا وبا سے مت کھیلیں،کرونا پھیلا تو سنبھالا نہیںجائیگا، مولابخش چانڈیو
Apr 13, 2020