اپوزیشن سیاسی دکانداری چمکا کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہی ہے: گورنر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن سیاسی دکانداری چمکا کر کرونا کیخلاف قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ یہ وقت سیاست کر نے کا نہیں ملک میں اتحا دکا وقت ہے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے 3لاکھ خاندانوں کو راشن کی فراہمی کی جا رہی ہے، کرونا بحران سے بے روزگار ہونیوالوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ فلاحی ادارے مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ اتوار کے روز وائس چیئر پرسن سرور فاؤنڈیشن بیگم پروین سرور کی جانب سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے10ہزار غر یب خاندانوں کیلئے راشن کی روانگی کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر ایم این اے ریاض فتیانہ، چیئر مین فیڈمک میاں کاشف اشفاق، تحریک انصاف کے مرکزی رکن حاجی محمد رمضان، ترجمان پنجاب حکومت راجہ اسد اور ایم پی اے چوہدری سعید احمد سعیدی سمیت دیگر بھی موجود تھے، گورنر پنجاب نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ کسی فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ22 کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے، اس لیے اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ کرونا بحران پر سیاست کر نا چھوڑ دے اور کرونا کیخلاف اتحاد اور یکجہتی کا مظاہر ہ کریں۔ انشاء اللہ ہم سب نے ملکر کرونا کیخلاف جنگ میں کامیاب ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے غریب خاندانوں کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا امدادی پیکج دیا ہے اور احساس پروگرام کے ذریعے غریب خاندانوں کو بلاتفر یق مکمل طور پر شفاف طریقے سے امداد تقسیم کی جا رہی ہے اور انشاء اللہ کوئی بھی غریب خاندان امداد سے محروم نہیں رہیگا۔ بیگم پروین سرور نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے امر یکہ سمیت خوشحال ممالک بھی بدترین بحران کا شکار ہو رہے ہیں اور کرونا سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ لوگ سڑکوں پر نکلنے کی بجائے گھروں میں رہیں ہم کرونا بحران سے بے روزگار ہونیوالے10ہزار خاندانوں کو پہلے مرحلے میں راشن فراہم کر رہے ہیں اور آنیوالے دنوں میں مزید راشن فراہم کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن