شوہروں، سسرالیوں سے تنگ 190 خواتین خلع، حقوق کیلئے عدالت پہنچ گئیں

 راولپنڈی(محبوب صابر) سسرال اور خاوند کے رویوں سے تنگ190خواتین اپنے حقوق اورخلع لینے کیلئے عدالت پہنچ گئیں , فیملی عدالتوں نے نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو طلب کرلیا ہے،’’نوائے وقت ‘‘رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی فیملی عدالتوں میں 190خواتین نے گزشتہ ماہ سامان جہیز، خاوند سے خلع اور بچوں کی حوالگی کیلئے الگ الگ اپنے کونسل کے ذریعے دعوے دائر کئے ہیں جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شادی سے قبل رشتہ لینے کیلئے آنے والوں نے بتایا کہ لڑکا کنوارہ ہے، اچھی نوکری کرتا ہے شادی کے بعد بیوی کو خوش رکھے گا جب شادی ہو ئی تو معلوم ہوا کہ خاوند تو نکما ہے کوئی کام کاج نہیں کرتا، اب اس کے ساتھ نہیں رہ سکتی استدعا ہے کہ اس سے خلع دلوائی جائے، سامان جہیز واپس کرایا جائے اور خاوند نے بچے چھین لئے ان کو واپس کیا جائے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ 60مردوں نے بھی الگ الگ بازو دعوے دائر کئے ہیں جن میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ مرضی سے شریعت کے مطابق شادی ہوئی شادی کے بعد کچھ عرصہ تو بیوی کا رویہ اچھا رہا لیکن بعد میں بات بات پر لڑائی کرتی اور بچوں کو بھی برا بھال کہتی لیکن اس کے باجود بیوی کی ہر جائز خواہش کااحترام کرتے ہوئے پوری کی اب وہ روٹھ کر اپنے گھر جا بیٹھی ہیں جن کو منانے کیلئے جرگے بھیجے خاندان کے بزرگوں کو بھیجا لیکن نہ مانیں استدعا ہے کہ روٹھی بیویوں کو آباد ہونے کا حکم دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن