اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ میں فاٹا پاٹا انضمام سے متعلق 25ویں آئینی ترمیم کیخلاف کیس کی سماعت کے دوران وفاق اور خیبرپختوخوا حکومت نے کیس کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات اٹھا دیئے ہیں۔کیس پرسماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل وسیم سجاد نے وفاق اور کے پی حکومت کے اٹھائے گئے اعتراضات پر جواب دینے کیلئے مہلت طلب کی۔عدالت عظمی نے اس موقع پر قرار دیا کہ وفاقی حکومت نے پچیسیویں آئینی ترمیم سے متعلق جواب جمع کرایا ہے، وفاقی حکومت کے جواب میں موجودہ کیس کے قابل سماعت ہونے پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، سپریم کورٹ اس دلچسپ کیس کو سننا چاہتی ہے،عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو اعتراضات پر جواب جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت عید کے بعد تک کے لئے ملتوی کر دی ہے۔