لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ہائیکورٹ نے جاتی عمرہ اراضی کیس میں نیب کو مریم نواز کی گرفتاری سے 10 روز قبل آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے جاتی عمرہ اراضی کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس سلسلے میں مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کے ورانٹ گرفتاری جاری نہیں کئے گئے اور اس حوالے سے 10 اپریل کو جواب جمع کرایا گیا ہے۔ مریم نواز کے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نیب کو پابند کیا جائے کہ وارنٹ جاری کرنے سے 10 روز قبل اطلاع کی جائے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اعظم نذیر کو اطلاع کر دی جائے گی۔ عدالت نے اعظم نذیر کو ہدایت کی کہ وارنٹ کے اجراء پر آپ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ بعدازاں عدالت نے مریم نواز کی درخواست ضمانت نمٹاتے ہوئے نیب کو ان کی گرفتاری دس روز قبل آگاہ کرنے کا حکم دیا۔مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب عمران خان کے کہنے پر انتقامی کارروائیاں کرتا ہے، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے، (ن )لیگ کیخلاف دن رات پروپیگنڈا کیا گیا۔ (ن) لیگ کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی، فروری میں یہ دھاندلی کر کے بھی نہیں جیت سکے، ہر فورم پر شکست کے بعد انہیں عوام کے میدان میں آنا پڑا، یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچا،یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پائوں بھاگنے پر مجبور کر دیا، عوام نے ان کو ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا، (ن) لیگ کو توڑنے کیلئے 5 سال سرتوڑ کوشش کی گئی، رانا ثنا اللہ پر جھوٹا مقدمہ بنایا،جہانگیر ترین کے آپس کے معاملات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی، حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کیخلاف بات کر رہے ہیں،(ن) لیگ کی فتح ڈسکہ کی فتح نہیں، بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، (ن) لیگ نے ریاستی مشینری اور جعلی حکومت کا مقابلہ کیا۔