خدمت آپ کی دہلیزپر پروگرام کا خود جائزہ لوں گا  عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار حکومتی مشینری کو متحرک کرنے کے لئے سرگرم عمل ہو گئے اور پنجاب میں ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام شرو ع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ڈیپارٹمنٹس سرکاری معمولات کے علاوہ سرکاری ادارے مخصوص ٹاسک بھی پورے کریں گے۔ عوام کی خدمت کے لئے سروس ڈلیوری کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے گا۔ ڈیپارٹمنٹس کو عوامی ضروریات کے مطابق ٹارگٹ دئیے جائیں گے۔ سرکاری اداروں کے علاوہ تھرڈ پارٹی فیڈ بیک بھی لیا جائے گا۔ ہر ہفتے دئیے گئے ٹارگٹ پر براہ راست عوام سے فیڈ بیک لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ  کی  زیر صدارت اجلاس میں تمام کمشنر، آر پی او، ڈی سی اور ڈی پی اوز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ  نے  کہا کہ پنجاب کو عوام کی خدمت اورفلاح و بہبود کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنایا جائے گا۔ حکومت کا کام ہی عوام کی خدمت ہے۔ لوگوں کو نہ آنا پڑے ، حکومت خود خدمت کے لئے ان کی دہلیز تک جائے گی۔ ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ کا مقصد ہر جگہ حکومت کی موجودگی ثابت کرنا ہے۔ حکومت پر عوام کا اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کے لئے ڈیلیور نہ کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی ہوگی۔ اضلاع کے خود دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ خدمت کا جذبہ لیکر آگے بڑھیں اور رب کو بھی راضی کریں۔ مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ماہانہ رپورٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمین کا احتساب ہوگا۔ بہتر کارکردگی پر انعام ملے گا اور ناقص کارکردگی پر کارروائی ہوگی۔ عوام کا فائدہ دیکھ کر پراجیکٹس کی ترجیحات کا تعین کیا جائے۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں علماء کرام و مشائخ عظام نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے  ہوئے کہا کہ کرونا کے مشکل وقت میں رائے عامہ کے لیڈر اپنا کردار ادا کریں۔ محراب و منبر کے امین عوام  کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کریں۔ جان بچانا فرض ہے، ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے سے جان بچائی جاسکتی ہے۔ علماء اور مشائخ کے ادب و احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔  وزیر داخلہ شیخ رشید نے عثمان بزدار سے ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبے میں امن و امان کی عمومی صورتحال پر گفتگو بھی کی۔ ملاقات  کے دوران راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔  عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں معصوم بچے کی لاش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ معروف صحافی آئی اے رحمان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن