لاہور(نیوزرپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کوپاکستان سے محبت اور سچ بولنے کی سزادی گئی۔ سازش کر کے اقتدار میں آنے والے یہ بھول جائیں کہ تحریک انصاف اب خاموش ہو کر گھرو ں میں بیٹھ جائے گی بلکہ عمران خان کی قیادت میں قوم کی خود مختاری کیلئے جو لازوال جدوجہد شروع کی گئی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ پوری قوم جانتی ہے کہ عمران خان ایوانوں کی سازش کا شکار ہوئے ہیں لیکن اس کا دورانیہ انتہائی قلیل ہوگا۔
پوری قوم کا اصرار ہے کہ عمران خان بلا تاخیر کرپشن کے خلاف اورخود مختاری کی جدوجہد کا بھی آغاز کریں وہ ماضی کی طرح ان کے شانہ بشانہ چلیں گے۔وہ پارٹی آفس میں کارکنان سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سازش سے کامیابی حاصل کرنے والے اب تک بغلیں بجارہے ہیں لیکن انہیں آنے والے دنوں میں حالات کا ادراک ہو جائے گا اور ان کی ساری خوشیاں عارضی ثابت ہوں گی۔