وزیراعظم حلف کے موقع پر پڑھی قرآنی آیات ذہن نشین کر لیں: سراج الحق 

Apr 13, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نومنتخب وزیراعظم کو حلف برداری کے موقع پر پڑھی جانے والی قرآنی آیات کو ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ جس کو چاہے بادشاہی دیتا ہے اور بے شک وہ ہر چیز پر قادر ہے۔ وزیراعظم کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ حلف میں انہوں نے ایمان اور اس کے تقاضوں کو دہرایا ہے اور اسلامی نظریہ اور دستور پاکستان کی پاسداری کا عہد کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی سالمیت، خودمختاری اور استحکام کا وعدہ کیا ہے۔ درحقیقت حلف کا ایک ایک لفظ ان کی کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ فراہم کر رہا ہے۔ ملک کا سربراہ ہوتے ہوئے ان کی کارکردگی آخرت میں ان کے لیے میزان بنے گی۔ پولرائزیشن کی وجہ سے ملک شدید بحرانی کیفیت میں ہے اور ایسے میں قومی توانائیاں ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہو رہی ہیں۔  حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل کو منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے اصلاحات اور اقدامات کو یقینی بنائے۔ حکومت لوکل گورنمنٹ کے نظام کا خوش دلی کے ساتھ قیام عمل میں لائے حکمرانوں کے پاس اس وقت مالیاتی سپیس نہیں، ایسے میں طرز حکمرانی میں سادگی علامتی نہیں، بلکہ حقیقی ہونی چاہیے۔ دوسری جانب سلامتی اور خودمختاری کے معاملات اور عالمی اداروں سے مذاکرات کے مسائل ہیں، قومی قیادت کو ان حوالوں سے اعتماد میں لینے اور ایک قومی چارٹر کے لیے ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ سے جاری ایک بیان میں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں، لیکن جمہوریت سب کو ساتھ لے کر چلنے کا نام بھی ہے اور یہ ذمہ داری حکومت پر ہی عائد ہوتی ہے۔ الزام تراشی اور سابقہ حکومت کی بری کارکردگی کا رونا رونے کی بجائے موجودہ حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی۔ میرٹ پر تقرریاں اور احتساب کے عمل کو شفاف اور بامعانی بنا کر معاشرے کو درست سمت میں رواں کیا جا سکتا ہے۔ ملکی سیاست میں الیکٹیبلز کا کردار ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں