لاہور(خصوصی نامہ نگار )حکمران جماعت کے صوبائی رہنما محمد بشارت راجہ اور چودھری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے مشترکہ نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ہی کامیاب ہونگے۔ ہماری اکثریت قائم ہے اور ناراض اراکین اختلافات ختم کر کے واپس آ جائیں۔محمد بشارت راجہ نے کہا کہ حمزہ شہباز نے پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کر رکھا ہے مگر جب ووٹنگ ہو گی تو چودھری پرویز الٰہی ہی وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونگے۔ الیکشن کے روز ن لیگ کو ہم سرپرائز دیں گے۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی ہر مشکل وقت میں پارٹی چیئر مین عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے اور آج بھی کھڑے ہیںجبکہ چودھری ظہیر الدین نے کہا کہ تحریک انصاف کے نشان پر منتخب ہونے والے ارکان ِ صوبائی اسمبلی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی اور قاف لیگ کے مشترکہ نامز امیدوار وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو ہی ووٹ دیں۔ پنجاب میں وضع داری کو قائم رکھیں۔ چودھری پرویز الٰہی سلجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی ہی کامیاب ہونگے:بشارت راجہ،چودھری ظہیر الدین
Apr 13, 2022