لاہور (نامہ نگار) ہنجروال پولیس نے دو پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے منشیات فروش کو مبینہ پولیس مقابلے میںپار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہنجروال کے علاقے میں پولیس ٹیم کے چھاپہ مارنے پرمنشیات فروش فیصل عرف فیشواور اس کے ساتھیوںنے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروںطالب حسین وغیرہ کو شدید زخمی کر دیا تھا ۔ پولیس نے ملزم فیصل عرف فیشو کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا جسے گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیاہے۔ پولیس حکام کے مطابق ہنجروال پولیس نے تین مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی اس دوران انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ پولیس نے ہلاک ہو نے والے ڈاکو فیصل عرف فیشو کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے اس کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔علاوہ ازیں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کانسٹبل کوطالب حسین تشویشناک حالت کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق طالب حسین کی حالت بگڑنے پر جناح ہسپتال سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا ۔جہاں اس کی حالت تاحال خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی کانسٹیبل طالب حسین کا سینے کو چاک کر کے دل کے گرد جمع خون کو صاف کیا جائے گا۔