وفاقی صوبائی بیورو کریسی میں ہلچل کامران افضل سے معذرت احد چیمہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہونگے 

Apr 13, 2022

لاہور (فیصل ادریس بٹ سے) وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے  وجود کے بعد پنجاب میں ن لیگ کی حکومت کی متوقع  آمد پر وفاقی و صوبائی بیورو کریسی میں ہلچل مچ گئی۔ اعلی افسران پرکشش سیٹوں کے حصول کے لیے ڈاکٹر توقیر‘ فواد حسن فواد اور احد چیمہ سے رابطوں میں مصروف عمل ہیں۔ نوائے وقت انوسٹی گیشن سیل نے آئندہ چند روز میں بیورو کریسی میں ہونے والی اکھاڑ پچھاڑ کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کر لیں  کہ کون سا بیوروکریٹ من پسند پوسٹنگ حاصل کر سکے گا اور کون کون او ایس ڈی ہو گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر کامران افضل کا بطور چیف سیکرٹری عہدہ برقرار رکھنے کے لیے فواد حسن فواد سے رابطہ‘ فواد نے معذرت کرتے ہوئے وفاق میں من پسند عہدہ دلانے کی یقین دہانی کروا دی۔ وفاق کے بعد اگر پنجاب میں ن لیگ کی حکومت وجود میں آتی ہے تو 21 کامن کے امداد اللہ بوسال چیف سیکرٹری پنجاب ہونگے۔ ایڈشنل چیف سیکرٹری پنجاب علی مرتضی کو بھی پنجاب سے سرنڈر کر دیا جائے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ظفر نصراللہ کو بھی فوری طور پر سرنڈر کیا جائے گا۔ احد چیمہ  کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کیا جاسکتا ہے۔ نبیل اعوان کو پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی لگایا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن اسد سدا بہار پوسٹنگز کے ماہر ہیں۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی مجاہد شیر دل مزید بہتر پوسٹنگ لیں گے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نعیم رؤف کو او ایس ڈی کر دیا جائے گا۔  ڈی سی لاہور عمر چٹھہ  بھی او ایس ڈی ہو جائیں گے۔  پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ عامر جان مسلم لیگ ن میں اپنی مضبوط رشتہ داری کی بدولت ایوان وزیراعلی سے تو ہاتھ دھو بیٹھں گے مگر اپنی من پسند تعیناتی ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ کو پنجاب سے وفاق تبدیل کرکے اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔ سیکرٹری ایری گیشن سیف انجم کو پنجاب سے وفاق بھیج دیا جائے گا۔ چیئرمین بی آئی  ٹی بی  آصف بلال لودھی کو پنجاب میں پرکشش سیٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ کو پنجاب میں اہم عہدہ مل جائے گا۔ علی جان بھی اہم ذمہ داری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جبکہ سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ احمد جاوید قاضی پنجاب میں مزید پرکشش سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہونگے۔ جی بی سے سابق پی ایس او شہباز شریف سمیر سید بھی پنجاب واپس جبکہ خیبر پی  کے سے واپس آ کر  میاں شکیل بھی پنجاب میں اہم ذمہ داری لیں گے۔ افتخار علی سہو بھی پنجاب واپس پہنچ جائیں گے۔ عثمان چوہدری بھی پرکشش سیٹ کے خواہاں ہیں۔ کمشنر راولپنڈی نور امین مینگل تا حال اپنی تعیناتی پر برقرار رہیں گے۔ وفاق میں حامد یعقوب شیخ‘ مومن  آغا‘ محی الدین وانی بھی وفاق میں اہم تعیناتیاں حاصل کر سکیں گے۔
بیوروکریسی/ ہلچل

مزیدخبریں