اسلام آباد (خبرنگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی) جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پاک فوج کے میجر اور سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں 11اور12 اپریل کی درمیانی شب فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان شہید ہوئے۔ میجر شجاعت کی عمر تیس سال جبکہ تعلق پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تھا جبکہ سپاہی عمران خان کی عمر 27 سال اور تعلق بلوچستان کے علاقے نصیر آباد سے تھا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انگور اڈہ میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی دفاع کی خاطر شہید ہونے والے قوم کے بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے پختہ عزم کا ثبوت ہیں۔ دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری‘ پی پی پی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے میجر اور جوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹونے کہا کہ جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر شجاعت حسین اور سپاہی عمران خان کو سلام ہے‘ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ فوج کے افسران و جوان مادر وطن کے لیے شہادتیں دے رہے ہیں، یہ شہادتیں رنگ لائیں گی۔
جنوبی وزیرستان
جنوبی وزیرستان سکیورٹی فورسز کا آپریشن فائرنگ میں میجر اور جوان شہید 2دہشتگرد ہلاک
Apr 13, 2022