راولپنڈی (جنرل رپورٹر) خاتونِ اول حضرت امُ المومنین سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کا یو م وفات منگل کو دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں عالمگیر یومُ الحزن کے طور پرمذہبی جذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع عالمگیر یوم الحزن کی مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ ام المومنین حضرت خدیجہ طاہر ہ کی کردار ساز زندگی کی تاسی کرتے ہوئے خواتین عالم آج بھی اپنی زندگیوں کو کامیاب ترین بنا سکتی ہیں۔
، آپ ؑ نے اپنا تمام تر مال واسباب حضورؐ کے قدموں میں ڈال کر شعبِ ابی طالب ؑ میں کسمپرسی کی زندگی بسر کی ۔ انہوں نے کہاکہ حضرت خدیجہ ؑ وہ باعظمت خاتون ہیں کہ خداوندِعالم نے اُن کے فعل کو اپنا فعل قراردیا ہے یہی وجہ ہے کہ رسالت مآب ؐ جب بھی گھر سے باہر تشریف لے جاتے تو پہلے حضرت خدیجہ ؑ کی مدح و ثناء کرتے۔ انہوں نے پیروان رسالت مآب اور خانوادہ اہل بیت کی خدمت میں ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری کی رحلت پر ہدیہ تعزیت پیش کرتے ہوئے آل سعود سے مطالبہ کیا کہ جنت المعلی حضرت خدیجہ الکبری اور رسالت مآب کے آبائو اجداداور جنت البقیع میں مدفون لخت جگر رسول ؐحضرت فاطمہ زہرا ‘اہلبیت اطہار‘پاکیزہ صحابہ کبار اور دیگر ذوات قدسیہ کے مراقد کی عظمت رفتہ بحال کریں ۔