کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) نیا ناظم آباد رمضان کپ کارپوریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ ارحم کرکٹ کلب نے عمر ایسوسی ایٹ کی ٹیم کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ جبکہ عالمگیر جمخانہ نے ماہد اسپورٹس کو ترانوے رنز سے آؤٹ کلاس کردیا۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم پرکھیلے گئے میچ میں ارحم سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چالیس رنز بنائے۔ جواب میں عمر ایسوسی ایٹ کی ہیوی ویٹ ٹیم ہدف کے حصول میں ناکام رہی۔ اور نو وکٹوں پر ایک سو تیس رنز بناسکی۔ کپتان سرفراز احمد چھبیس ، عمر اکمل ایک، اسد شفیق ایک ، اعظم خان تین اور سہیل اختر سترہ پر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے میچ میں عالمگیر جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر ایک سو پینسٹھ رنز بنائے۔ جواب میں ماہد اسپورٹس کی ٹیم صرف بہتر رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی ویسٹ سندھ پولیس ناصر آفتاب نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔