کراچی (نیوز رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو اون کریں اور بدھ کو کراچی آمد پر شہر کے تمام چھوٹے ‘ بڑے ، اہم اور نامکمل منصوبوں کو جلدمکمل کرنے کا اعلان کریں ،فوری طور پر نئی مردم شماری کروانے کے احکامات جاری کریں، کوٹہ سسٹم ختم کریں کراچی تا حید رآباد نئی موٹر وے بنائی جائے ،کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے اس کا فارنزک آڈٹ کروایاجائے اور کلاء بیک کی مدکے 45ارب روپے عوام کو واپس کیے جائیں ،کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے لیے 65کروڑ گیلن پانی کا منصوبہ K-4فوری مکمل کروایا جائے،ادھورے گرین لائن سمیت ماس ٹرانزٹ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے ،پیپلزپارٹی آئین کے آرٹیکل 14-Aاور سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے لیے اسمبلی کااجلاس بلائے اورجماعت اسلامی کے ساتھ جن مطالبات کی منظوری پر اتفاق ہوا تھا ان تمام کو اسمبلی سے فوراًپاس کروایا جائے۔اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ، عبد الوہاب ،راجا عارف سلطان ، ڈپٹی سکریٹری کراچی عبدا لرزاق خان ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ ہم کسی صورت بھی جعلی اور غلط مردم شماری کو قبول نہیں کریں گے،پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے اپنے اپنے دور حکومت میں کے الیکٹرک کو مکمل سپورٹ کیاجس کی وجہ سے ادارہ مافیا کی شکل اختیار کرتا چلاگیا،گرین لائن جسے مسلم لیگ ن کہتی ہے کہ یہ ہمارا منصوبہ ہے ،اسی بنیاد پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گرین لائن منصوبہ کو مکمل کیا جائے، اس کے علاوہ ماس ٹرانزٹ پروگرام پر کام جلد شروع کیا جائے،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کے فور منصوبہ پیش کیا تھا۔
کوٹہ سسٹم ختم ‘نئی مردم شماری ،موٹر وے،کے فور منصوبہ ،گرین لائن ،ماس ٹرانزٹ سمیت تمام منصوبے مکمل کئے جائیں ،پریس کانفرنس
Apr 13, 2022