لاہور(سپورٹس رپورٹر) 2 ویٹ لیفٹرز کے بعد 7 قومی کبڈی کھلاڑیوں کے بھی ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آنے کا انکشاف ہوا ہے۔جنوری میں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ہوئی تھی جس میں13 کھلاڑیوں کے ڈوپ سیمپل جمع کئے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس چیمپئن شپ میں پاکستان کبڈی فیڈریشن نے خصوصی طورپر کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کرائے تھے، جس پرفیڈریشن حکام کو بھاری اخراجات بھی برداشت کرنا پڑے۔ان میں سے 7 کھلاڑی ایسے ہیں جن کی رپورٹ میں قوت بخش ممنوعہ ادویات کے اجزا پائے گئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں 4بڑے نام بھی شامل ہیں جو انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرکے شہرت پاچکے ہیں۔ان کھلاڑیوں پر پابندی کے فیصلہ کے حوالے سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔