باربار الیکشن سے قومی خزانے کا ضیاع ہورہا ہے : ہائیکورٹ 


لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماو¿ں فرخ حبیب اور بریگیڈئیر ریٹائرڈ سید اعجاز شاہ کی پنجاب کے حلقوں این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات رکوانے کی درخواست پر الیکشن کمشن سمیت دیگر فریقین کو جواب داخل کرانے کیلئے 20 اپریل تک کیلئے مہلت دے دی۔ عدالت نے باور کرایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے تمام ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔ بار بار الیکشن ہونے سے قومی خزانے کا ضیاع ہو رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے بریگیڈئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور فرخ حبیب کی درخواستوں پر سماعت کی۔ تحریک انصاف کے اعجاز شاہ نے این اے 118 اور فرخ حبیب این اے 108 کے ضمنی انتخابات رکوانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے یہ نکتہ اٹھایا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 120 دن سے کم کا عرصہ رہ گیا ہے اور 120 دن سے کم کا عرصہ ہو تو ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے۔ وکیل کے مطابق 120 دن سے کم دن ہونے پر ضمنی انتخاب کرانا قانون کے منافی ہے اور ایسے انتخاب کی کوئی گنجائش نہیں۔

ای پیپر دی نیشن