اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا ہے، عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، اتحادی حکومت ملک کو مشکلات سے نکالے گی، ملک کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کے خوابوں کا پاکستان بنائیں گے۔ بدھ کو ڈیرہ غازی خان میں مفت آٹا تقسیم مرکز کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی حکومت کی نگرانی میں مفت آٹے کی تقسیم جاری ہے، ملک کو مشکل حالات اور چیلنجز کا سامنا ہے، اتحادی حکومت اپنے قائد میاں نواز شریف کی رہنمائی میں مل کر ان مشکلات پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے، ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ رمضان المبارک میں مفت آٹے کی تقسیم کا بڑا پیکیج دیا گیا ہے، پہلے مجھے بھی تحفظات تھے لیکن یہ کام خوش اسلوبی سے آگے بڑھ رہا ہے، رمضان المبارک ختم ہونے کے بعد دکانوں پر سستے آٹے کی فراہمی پر غور کیا جائے گا، اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمت دے کہ ہم پاکستان کے عوام کی خدمت کریں، آٹے کے حصول میں صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیں اور امن و امان برقرار رکھیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کی بیٹیوں کو غازی یونیورسٹی مفت آٹا تقسیم کے مرکز پر عوام اور انتظامیہ کی معاونت کرتا دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ طالبِ علمی کے دور سے ہی نوجوانوں میں عوامی خدمت کے جذبے کو پروان چڑھانے کیلئے یہ ایک احسن اور قابلِ ستائش اقدام ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹسز پر تفصیلی مشاورت اور غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق خصوصی اجلاس میں قانونی ٹیم نے وزیر اعظم شہباز شریف کو قانونی اور آئینی پہلوﺅں سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں عدالتی کارروائی کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ پیشی کے حوالے سے اٹارنی جنرل کو ہدایات جاری کیں۔ علاوہ ازیں کابینہ اجلاس آج طلب کیا گیا تھا جو بعد میں موخر کر دیا گیا، جبکہ پارٹی سینیئر رہنماﺅں کا اجلاس آج بلا لیا گیا،اجلاس میں موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
مشکلات سے نکلیں گے ، وزیراعظم : عدالتی بل کے دفاع کا فیصلہ ، سینئر رہنماو¿ں کا اجلاس آج طلب
Apr 13, 2023