بھارت سرینگر میں جی 20 اجلاس بلاکر کشمیر پر دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا ہے : حریت کانفرنس 

Apr 13, 2023

سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیرمیں ماس موومنٹ کی چیرپرسن و کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنمافرید ہ بہن جی نے کہا ہے کہ بھارت جی 20 اجلاس سری نگر میں بلاکر کشمیر بارے دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت نے اس پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ سری نگر میں جی 20 ورکنگ گروپ کا اجلاس اقوام متحدہ کی قرارداوں اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔جبکہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں جی20 ممالک کے اجلاس کے انعقاد کے ہندوستان کے فیصلے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جی20 ممالک کے رہنماوں کے نام اپنے ایک کھلے خط میں مسرت عالم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق انہیں حق خودارادیت دیے بغیر بھارت کا جموں و کشمیر میں جی 20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کا فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ دوسری جانب بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے کے الزام میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت میں 4 نوجوانوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ سرینگر میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے عمر مشتاق خان، مرتضیٰ رشید ڈار، سجاد احمد ڈار اور علی کاشف جان کے خلاف فردجرم عائد کی ہے۔ وسطی کشمیر میں ایک سڑک حادثے میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ سری نگر ضلع کے نوگام علاقے میں پاڑہ چوک نوگام پر پولیس کی گاڑی ڈیوائیڈر س ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہو گئی۔ جبکہ ضلع اودھم پور میں ایک سڑک حادثے میں دو درجن سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ضلع کے علاقے رام نگر سے سورنی جانے والی ایک منی بس سڑک پر الٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ رام نگر کے ڈاک بنگلہ کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں کم از کم 27 مسافر زخمی ہو گئے۔ 

مزیدخبریں