لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹر اور لیگ سپنر عثمان قادر نے کہا ہے کہ وہ بابر اعظم کیساتھ دوستی کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ا س بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم میں ان کی شمولیت کو اقربا پروری یا فیورٹ ازم کا نتیجہ سمجھا جارہا ہے۔عثمان قادر نے ان تبصروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں انہیں بابراعظم کیساتھ ان کی دوستی کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کے بل بوتے پر شامل کیا گیا۔ انہوں نے کبھی بابر اعظم کے پاس جاکر نہیں پوچھا کہ وہ ٹیم میں کھیل رہے ہیں یا نہیں۔ بابراعظم بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ان کے کاندھوں پر بڑی بھاری ذمہ داری ہے۔ پوری قوم کی نظریں ان پر ہیں۔ تمام فیصلے انہی نے کرنے ہوتے ہیں جو بذات خود بہت مشکل کام ہے۔ لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ قومی ٹیم میں میری شمولیت کی وجہ بابراعظم کیساتھ دوستی ہے، یہ بات قطعی طور پر درست نہیں ہے۔ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بابراعظم مجھے ٹیم میں نہیں لے کر آئے۔ 2019 میں مصباح الحق سلیکٹر تھے اور انہوں نے مجھے ٹیم میں منتخب کیا تھا۔ سب کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ جب کوئی کھلاڑی پہلی بار کپتان بنتا ہے تو اس کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہوتے۔