پہلا ٹی ٹونٹی کل ہوگا: کیویز کرکٹرز کا جم سیشن، آج پریکٹس، ٹرافی کی رونمائی

Apr 13, 2023

لاہور (سپورٹس رپورٹر+خبر نگار) پاکستان پہنچنے کے دوسرے دن ہی نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہوٹل کے جِم پہنچ گئے۔نیوزی لینڈ کے کرکٹرز نے ہوٹل میں جِم سیشن میں حصہ لیا، اس دوران تمام کھلاڑی خوش اور مطمئن دکھائی دیئے ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہوٹل میں آرام کے بعد آج قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے ۔ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی آج ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 14اپریل کو لاہور میں کھیلا جائیگا۔دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 15 کو اور تیسرا 17اپریل کو لاہور میں ہی کھیلا جائیگا۔چوتھا اور پانچواں ٹی ٹونٹی 20اور 24اپریل کو راولپنڈی میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا اور دوسرا ون ڈے 27اور 29اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائیگا، تیسرا، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 3، 5اور 7مئی کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹی20 میلہ سجنے کو تیار ہے۔سیریز کیلئے تمام تیاریاں عروج پر ہیں، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے بھی شائقین کو صاف ماحول فراہم کرنے کیلئے صفائی پلان جاری کر دیا گیاہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران صفائی کے غیر معمولی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی ورکنگ پلان کے مطابق قذافی سٹیڈیم کے تمام انکلیوژرز کی صفائی آج مکمل کر لی جائیگی۔17اپریل تک جاری رہنے والی ٹی20 سیریز کے تین میچز میں ایل ڈبلیو ایم سی صفائی کی سہولیات فراہم کریگی۔ٹی20 سیریز سے قبل قذافی سٹیڈیم کے تمام انکلیوژرز کی صفائی دھلائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ 190سینٹری ورکرز، 22سپر وائزر اور 20آفیسرز سٹیڈیم کے اندرونی حصے کی صفائی کیلئے تعینات کیے گئے ہیں۔4واٹر بوذرز، 3مکینیکل سویپرز، 5منی ڈمپرز اور ایک کمپیکٹر سٹیڈیم کی واشنگ اور سویپنگ میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔ قذافی سٹیڈیم کے اطراف اور پارکنگ میں بھی صفائی ستھرائی اور واشنگ کو یقینی بنایا جائیگا۔ قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں 50ورکرز (پہلی شفٹ میں 20،دوسری شفٹ میں 30)کو صفائی کیلئے تعینات کیا گیا ہے جبکہ چار پارکنگ لاٹس میں 40سینٹری ورکرز اور 4سپر وائزرز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ دورانِ سیریز ہر انکلوژر میں 10 ورکرز اور1سپروائزرہر وقت موجود رہیں گے۔ ورکرز سٹیڈیم کی واشنگ، نشستوں کی ڈسٹنگ اور واش رومز کی صفائی کو یقینی بنا ئیں گے۔ قذافی سٹیڈیم کے ملحقہ راستوں پر پی سی ہوٹل تک صفائی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ زونز کے ٹاؤن منیجرصفائی آپریشن کی نگرانی کریں گے۔ تمام ٹاؤن منیجرز کوسٹیڈیم کی دھلائی، سیٹوں کی دھول اور واش رومز کی صفائی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ شائقین سے گزارش ہے کہ میچ کے دوران سٹیڈیم میں لٹرنگ سے اجتناب کریں۔

مزیدخبریں