لاہور(کامرس رپورٹر) نگران وزیر بلدیات پنجاب ابراہیم مراد نے گزشتہ روز جوہر ٹاؤن میں زیر تعمیر لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام میں سست روی پر کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹ دونوں کی سرزنش کی۔ انہوں نے کام کی رفتار تیز کرنے اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اضافی وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کی تعمیر کے سلسلے میں مقرر کردہ ڈیڈ لائن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کو طے شدہ شرائط کے مطابق کام کرنے اور اکیڈمی کا تعمیراتی کام 30 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیر بلدیات کو بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ اکیڈمی جوہر ٹاؤن میں 10کنال اراضی پر ایک ارب 86 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے۔ اکیڈمی کا تعمیراتی کام 2019 ء میں شروع کیا گیا تھا۔ اب تک76فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ گرے سٹرکچر مکمل ہو چکا ہے۔ فنشنگ جاری ہے۔ اکیڈمی کی تعمیر کے بعد دو فلورز کو کمرشل کیا جائے گا جس سے لوکل گورنمنٹ کو بڑا ریونیو حاصل ہو گا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ایلیویٹر ،جنریٹرز اور دیگر آلات خریدنے یا درآمد کرنے کیلئے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں۔