لاہور (کامرس رپورٹر) صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کیلئے سندر سٹیٹ کے صنعتکاروں کے وفد نے معروف صنعتکار ذکی اعجاز قریشی کی سربراہی میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے ملاقات کی۔ صنعتکاروں کی جانب سے سندر سٹیٹ کے خالی پلاٹوں کی اونر شپ ختم کرنے کے نوٹس کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صنعتکاروں نے کہا کہ ملکی معاشی صورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پیڈمک اور سندر سٹیٹ انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا جائے کہ وہ پلاٹس کی اونر شپ کینسل کرنے کو نوٹس کو واپس لیں اور صنعتکاروں کو اپنے پلاٹوں کی جلد تعمیر کیلئے مزید وقت دیا جائے کیونکہ صنعتکار اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہیں اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اس تمام معاملہ کو دیکھتے ہوئے صنعتکار علی جاوا، ذکی اعجاز قریشی عمر فاروق اور عمر سعید پر مشتمل کمیٹی قائم کی جو صنعتکاروں کو پلاٹوں کی جلد از جلد تعمیر پر قائل کرے گی اور اس پر ہونے والی پیش رفت بارے صوبائی وزیر کو بھی آگاہ کرے گی۔ ملاقات کرنے والے وفد نے صوبائی وزیر سے کمیٹی کی رپورٹ آنے تک اونر شپ کینسل کرنے کے نوٹس کو کینسل کرنے کی بھی درخواست کر دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کو اولین ترجیح پرحل کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
ذکی اعجاز کی سربراہی میں وفدکی ایس ایم تنویر سے ملاقات،پلاٹوں کی اونر شپ پر گفتگو
Apr 13, 2023