کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میںگزشتہ روز کاروبار حصص میں تیزی آگئی اور 2روز سے جاری مندا کے اثرات زائل ہوگئے۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے رواں مالی سال کیلئے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو سے متعلق اپنی پیش گوئی کو کم کر کے صرف 0.5 فیصد کر دینے سمیت بعض مثبت عوامل سے مارکیٹ کے سرمایہ کاروں میں کسی حد تک اعتماد پیدا ہوا اور گزشتہ روز4پوائنٹس کے خسارے سے کھلنے والی مارکیٹ مسلسل تیزی کی جانب گامزن رہی۔مارکیٹ سرمائے میں34ارب92کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور مجموعی سرمایہ60کھرب کی سطح سے بڑھ کر61کھرب کی سطح پر آگیا۔مارکیٹ میںایک موقع پر تیزی کی لہر370پوائنٹس بڑھتے ہوئے40174پوائنٹس پر بھی پہنچی لیکن بعد ازاں سرمایہ کاروں نے معمولی منافع پر شیئرز کی فروخت کی جس سے تیزی کی شدت میں کمی آئی۔ پاور،ٹیلی کام، پیٹرولیم، کمیونیکیشن، بینکنگ، سیمنٹ، انرجی اوردیگر سرگرم کمپنیوں کے حصص میں نمایاں کاروباری سرگرمیاں رہیں۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میںگزشتہ روزکو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 321.34پوائنٹس کے اضافے سے 40126.05پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کے ایس ای 30 انڈیکس 153.66 پوائنٹس کی تیزی سے14960.82 پوائنٹس ،کے ایم آئی30انڈیکس 679.30 پوائنٹس بڑھ کر70024.67 پر بند ہوااور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس151.37 پوائنٹس بڑھ کر 26438.94پوائنٹس پرپہنچ گیا۔کاروبار میں تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ34ار ب 92کروڑ30لاکھ74ہزار35 روپے اضافہ سے 61کھرب 81کروڑ 36لاکھ 98ہزار 708 روپے کی سطح پر آگیا۔ مارکیٹ میں گزشتہ روز 2 ارب 56کروڑ روپے مالیت کے7کروڑ98 لاکھ 25 ہزار 518 حصص کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ روزمنگل کو 1ارب37کروڑ روپے مالیت کے 5کروڑ96 لاکھ69ہزار 253 شیئرز کے سودے ہوئے تھے۔ مجموعی طور پر 328کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ،جس میں سے 172کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ،134کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور 22کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا۔
سٹاک ایکسچینج: 100انڈیکس میں 321پوائنٹس اضافہ، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 61کھرب کی سطح پر آگیا
Apr 13, 2023