لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں کینٹ اورماڈل ٹاؤن ڈویژنز کے انسداد کرائم جائزہ اجلاس کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں ہوئے۔سی سی پی او نے دونوں ڈویژنز کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور انچارجز انوسٹی گیشن کی ناقص کارکردگی پر سرزنش کی۔انہوںنے ہدایت کی کہ 30 اپریل کے بعد رواں سال کا ایک ماہ سے پرانا کوئی مقدمہ پینڈنگ نہ ہو۔ڈیڈ لائن کے بعد بھی پینڈینسی برقرار رہنے پر متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور انچارج انوسٹی گیشن کی جواب طلبی ہو گی۔سی سی پی او نیڈی آئی جی انوسٹی گیشن کامران عادل کو ایس ڈی پی اوز کی تفتیشی معاملات بارے پرفارمنس رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی تاکہ رپورٹ کی روشنی میں متعلقہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ایکشن لیا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص کارکردگی کے حامل نااہل افسران جزا و سزا کی پالیسی کے تحت سخت سزاؤں کیلئے تیار رہیں۔ایس ایچ او اپنے تھانہ کے کرائم کنٹرول سمیت تمام معاملات کا ذمہ دار ہے۔ایس ایچ اوز اشہاری مجرموں اور چوروں ڈاکوؤں کی گرفتاری میں انوسٹی گیشن ونگ کو مکمل سپورٹ فراہم کریں۔سربراہ لاہور پولیس نے اجلاس کے دوران انوسٹی گیشن ونگ کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور انوسٹی گیشن افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔