فکر آخرت انسان کو گناہوں کی آلودگی سے محفوظ رکھتی ہے:اشرف جلالی

لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے فکر آخرت انسان کو گناہوں کی آلودگی سے محفوظ رکھتی ہے۔ محاسبہ نفس سے انسان کا مقدر سنور جاتا ہے۔ بغیر بندگی کے زندگی سراسر شرمندگی بن جاتی ہے۔زندگی کے ہجوم میں آخرت کو بھول جانے والا اپنا بھاری نقصان کر لیتا ہے۔ عقل مند وہی ہے جو دنیا کیلئے آخرت نہ چھوڑے اور آخرت کیلئے دنیا نہ چھوڑدے۔ دنیا اور اس کی لذتیں عارضی ہیں جبکہ آخرت کے انعامات دائمی ہیں۔ آج غیروں کی تقلید میں مسلمان مادہ پرستی کے غبار میں گم ہوتا جا رہا ہے۔ یہ دنیا کی خاصیت ہے کہ جوں جوں انسان دنیا کی محبت میں آگے بڑھنا چاہتا ہے توں توں اس کا قلبی سکون چھنتا جاتا ہے۔ مگر فکر آخرت کی طرف متوجہ انسان کو دنیا میں بھی قلبی سکون ملتا ہے اور آخرت میں دائمی نوازشات کا حق دار قرار پاتا ہے۔ قرآن کا مرکزی موضوع یہ ہے کہ انسان کو دنیا میں گم ہونے سے بچایا جائے اور کامیابی کے ساتھ آخرت کی منزل پر پہنچایا جائے۔ سلسلہ حیات کا موت پر اختتام قطعی اور یقینی ہے چنانچہ ہر وقت موت کی تیاری کرنی چاہیے۔ اجتماع میں چودھری محمد رفیع گوندل، محمد اسجد گوندل، محمد تاج گوندل، محمد سفیر گوندل، الحاج محمد اسلم گوندل سمیت کثیر لوگوں نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن