لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ نگران حکومت سول بیوروکریسی کی غیر آئینی طور پر تعیناتیاں اور ٹرانسفرز کر رہی ہے۔ افسوسناک بات ہے کہ نگران حکومت نے متعصبانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔نگران حکومت کو غیر جانبدار ہونا چاہیے۔ نواز شریف وطن واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ نواز شریف کے بھائی وزیر اعظم ہیں،کس بات کا ڈر ہے۔ عوام کس کے ساتھ ہیں،عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کے موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خط کی کاپی میڈیا سے شیئر کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کا سیاسی استحصال کیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپے مارہی ہے اورناجائز گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ آپ کی نگران حکومت پی ڈی ایم کی توسیع ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف اینٹی کرپشن سٹیبلشمنٹ میں بھی مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ حکومت ایجنسیز کو ہدایت کریں کہ وہ سیاسی استحصال سے باز رہیں۔سردار محمد سبطین خان نے نگران وزیر اعلیٰ کو خط میں کہا کہ نگران حکومت کا کام انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمشن کی معاونت ہے۔ اس موقع پر میانوالی سے سابق اراکین پنجاب اسمبلی عبدالرحمن عرف ببلی خان، امین اللہ خان اور احمد خان بھی موجود تھے۔