مقبوضہ کشمیر کو جلد ریاست کا درجہ دیکر انتخابات کرائیں گے، مودی کی ہٹ دھرمی

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دے کر وہاں ریاستی انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔ مودی کی جانب سے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کا اعلان آرٹیکل 370 کی خلاف ورزی ہے‘ جسے مودی کی حکومت نے 5 اگست 2019ء کو ختم کر دیا تھا۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کے ادھم پور میں سیاسی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا آرٹیکل 370 سیاسی فوائد کے لئے نافذ کیا گیا تھا اور اس کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر کی حالت تبدیل ہوئی ہے۔ آخری 10 سال میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ترقی پوری فلم کا ٹریلر ہے‘ اگلے چند سال میں یہاں بہت کچھ تبدیل ہو گا۔ ایک بیان میں مودی نے کہا ہے کہ ان کا ملک دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کی وکالت کرتا ہے۔ مودی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے منصب سنبھالا تو انہیں مبارک باد دی۔ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن